ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی بھارتی اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے، ایسے میں سہواگ نے ویرات کوہلی کو اہم مشورہ دیا ہے۔
بھارتی کرکٹ حلقوں میں اس وقت یہ قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ کون سے کرکٹرز ممکنہ طور پر 15 رکنی بھارتی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے جو امریکا جائیں گے۔ تاہم ان میں ایک نام اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا بھی ہے جن کی مبینہ طور پر ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ یقینی ہے۔
سہواگ کے مطابق، کوہلی کو نمبر 3 پر بیٹنگ جاری رکھنی چاہیے جبکہ انھوں نے بھارتی عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کی مثال بھی پیش کی ہے اور بتایا کہ سابق بلے باز کو بھی اپنی اوپننگ پوزیشن کو نہ چاہتے ہوئے بھی قربان کرنا پڑا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ اگر میں اس ٹیم میں ہوتا تو کوہلی کو اوپننگ کے لیے نہ بھیجتا بلکہ میں انھیں نمبر 3 پر کھیلاتا۔ میں روہت شرما اور یشسوی جیسوال کو اوپننگ کرنے کے لیے بھیجتا،
انھوں نے کہا کہ درمیانی اوورز کرکٹ میں سر درد کی طرح ہوتے ہیں، اگر وکٹ جلد گر جائے تو کوہلی جانتے ہیں کہ کس طرح پاور پلے میں کھیلنا ہے۔ اگر وکٹ دیر سے گرتی ہے تو یہ کپتان اور کوچ کی ذمہ داری ہے کہ وہ انھیں رفتار برقرار رکھنے کے حوالے سے آگاہ کریں۔
سہواگ نے انکشاف کیا کہ سچن ٹنڈولکر نے بھی نمبر 4 پر بلے بازی کرنے کے لیے اووپننگ پوزیشن کی قربانی دی اور اس کردار میں وہ تیز کھیلتے نظر آئے۔
سچن نے 2007 کے ورلڈ کپ میں نمبر 4 پر بیٹنگ کی تھی۔ یہاں تک کہ وہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنا پسند نہیں کرتے تھے لیکن انھیں ٹیم کے لیے ایسا کرنا پڑا۔
ویریندر سہواگ نے کہا کہ اگر آپ کی ٹیم میں دو اچھے اوپنرز ہیں اور آپ کو نمبر 3 پر بیٹنگ کرنے کے لیے کہا جاتا ہے، تو آپ کو ایسا کرنا ہوگا۔ آپ کو اس رفتار کے ساتھ چلنا ہوگا جو اوپنرز نے سیٹ کیا ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ ویرات کوہلی اس سلسلے میں زیادہ پریشان ہوں گے۔
تاہم سابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی سمیت بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ ویرات کوہلی کو عالمی ٹورنامنٹ میں کپتان روہت شرما کے ساتھ بھارت کے لیے بیٹنگ کا آغاز کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ 35 سالہ بیٹر فی الحال انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلورو کے لیے کھیل رہے ہیں اور اس سیزن میں اورنج کیپ ان کے پاس ہے جبکہ وہ ممکنہ طور پربھارتی پلیئنگ الیون میں بھی شامل ہونگے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 5 جون کو ہوگا۔