اسلام آباد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان موخر ہوگیا ، محمدبن سلمان کورواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو رواں ماہ پاکستان کے دورے پر آنا تھا تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان موخر ہوگیا ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی حتمی تاریخ طےنہیں ہوئی تھی تاہم ان کے دورےکی تاریخ سے متعلق پاک سعودی وزارت خارجہ کی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق انتظامی امورکی نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے سعودی مہمان کی آمد تک کہیں بھی بیرون ملک نہ جانےکا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق دورے میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پرعملدرآمدکی یادداشتوں پر دستخط متوقع تھے۔
یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران دی تھی، جسے انھوں نے قبول کرلیا تھا۔