سعودی عرب پہلی بار بائی بیک گارنٹی کے ساتھ انٹیگریٹیڈ ریفائنری میں سرمایہ کاری کے لئے رضامند ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ریفائنری سیکٹر کے لئے زبردست خبر آگئی، پہلی بار بائی بیک گارنٹی کے ساتھ انٹیگریٹیڈ ریفائنری میں سرمایہ کاری کے لئے سعودی عرب نے رضا مندی ظاہر کردی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کونسل اف اکنامکس اینڈ انرجی جرنلسٹ کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا سعودی، چینی اور پاکستانی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک ریفائنری میں سہ فریقی سرمایہ کاری ہو گی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ریفائنری "بائی بیک” کے آپشن کے ساتھ قائم کی جائے گی، فاضل پیٹرولیم مصنوعات کو عالمی منڈی میں فروخت کرنے کے لیے ایکسپورٹ کیا جاسکے گا۔
انھوں نے بتایا کہ سعودی گروپ کے پاس تیل اور کیمیکل کی عالمی مارکیٹ میں تجارت کی مہارت کے ساتھ اس آپشن پر غور کیا گیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی، ریفائنری کی تعمیر اور اسے چلانے میں تجربہ اور مہارت رکھتی ہے، اس نئی ریفائنری کا حصہ ہوگی، نئی مربوط ریفائنری میں 10 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ چینی کمپنی انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن کنٹریکٹر , آپریشن اور دیکھ بھال کا کام بھی کرے گی، یہ ریفائنری کیمیکل اور ڈیزل مصنوعات تیار کرے گی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک چھوٹی منڈی کی وجہ سے کیمیکلز کی مانگ کم ہے اضافی مقدار کو ایکسپورٹ کیا جائے گا، انٹیگریٹیڈ ریفائنری سے زرمبادلہ بچانے کے ساتھ ساتھ حاصل بھی کیا جاسکےگا۔