اسلام آباد: ترجمان پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن پر حملے کے معاملے میں پولیس نے رؤف حسن کی مدعیت میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز پروگرام کی ریکارڈنگ کرکے نکلا تو بلیوایریا میں ایک خواجہ سرا نے منصوبہ بندی کے تحت مجھے روک کر اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کیا۔
متن کے مطابق گردن پر حملہ کیا گیا، پیچھے ہٹا تو تیز دھار آلے سے منہ پرکٹ لگا، موقع پر موجود لوگ اکٹھے ہوئے تو ملزمان فرار ہوگئے۔
رؤف حسن کا مقدمے کے متن میں مزید کہنا تھا کہ بظاہر خواجہ سراؤں کے لباس پہن کرحملہ کیا گیا، میری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا اپنے اوپر ہونے والے حملے کے بعد بیان میں کہنا تھا کہ پروگرام کے بعد واپس جارہا تھا کہ چار لوگوں نے مجھ پر بلیڈ سے حملہ کیا۔