کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بائیکاٹ پر سندھ سے سینیٹ کے تمام امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر انتخاب سے قبل پی ٹی آئی نے الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، حلیم عادل شیخ نے سینیٹ الیکشن سے ’بھرپور طریقے سے بائیکاٹ‘ کا اعلان کیا۔
انھوں نے کہا سندھ کےعوام کو مینڈیٹ دیا جاتا تو ہم 4 سینیٹر بنا سکتے تھے، لیکن ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا ہے، ہمارے امیدوار الیکشن نہیں لڑیں گے۔ انھوں ںے کہا اس وقت جو بھی حکومتیں ہیں وہ جعلی ہیں، جب ہم مینڈیٹ واپس لیں گے تو وزیر اعظم، صدر اور سب ہمارے ہوں گے۔
دوسری طرف سندھ میں سینیٹ کی تمام نشستوں پر بلامقابلہ امیدوار کامیاب ہونے کا امکان پیدا ہوا ہے، سندھ سے 7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹ، 2 خواتین ،1 اقلیتی نشست پر 2 اپریل کو انتخابات ہونا ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ سے سینیٹ کی 10 نشستوں پر پیپلز پارٹی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو سکتے ہیں۔
سندھ سے 1 ایم کیو ایم، ایک آزاد امیدوار فیصل واوڈا جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ جیت سکتے ہیں، پی پی، ایم کیو ایم اور آزاد امیدوار کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار تھے، ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد سندھ کے سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوں گے۔