کراچی: لی مارکیٹ میں شہری کو رسالہ تھانے کے پولیس اہلکار نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران شہری کا جبڑا ٹوٹ گیا جبکہ جسم پر متعدد فریکچر بھی ہوئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق متاثرہ شہری ندیم عباس نے بتایا کہ ملازمین میں عیدی تقسیم کرنے جا رہا تھاکہ گلی میں روکا گیا، پولیس اہلکار نے ساتھیوں کیساتھ ملکر تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ ملزم نے اس لئے تشدد کیا کہ مجھے دیکھ کر گھور کیوں رہے ہو، تشدد کا نشانے بناتے وقت وسیم خود کو ڈی ایس پی تو کبھی اعلیٰ افسر ظاہر کرتا رہا۔
زخمی شہری کے مطابق جب میں زمین پر گرا تو وسیم نے پیروں کے قریب گولیاں ماریں، ملزم نے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں گھس کر دھمکیاں دیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس اہلکار وسیم چوہدری کوفوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی اسد رضا کا کہنا تھا کہ وسیم چوہدری کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے، انکوائری ایس ایس پی سٹی امجدحیات کو دیدی ہے، اختیارات سے تجاوز کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، واقعے سے متعلق مکمل انکوائری کی جائیگی۔