اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کل چین کے دورے پر روانہ ہوں گے، دورے سے پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل دورہ چین کے پہلے مرحلے میں شین زن روانہ ہوں گے، ان کا دورہ چین اقتصادی تعلقات کومضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
اس حوالے سے اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک میں بے پناہ باہمی فوائد کو جنم دینے کی صلاحیت موجود ہے، مضبوط کاروباری شراکت داریاں قائم کرنے سے طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے۔
وزیراعظم کا شین زن کا دورہ پاکستان کے لئے منفرد نوعیت کا حامل ہوگا، شین زن کو اقتصادی پاور ہاوس کی حیثیت حاصل ہے۔
وزیراعظم چین میں بڑے پیمانے پر کاروباری شراکت داری کے خواہاں ہیں، طویل مدتی شراکت داری کے قیام میں سہولت فراہم کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔
وزیراعظم کے دورے سے پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کوچینی کمپنیوں کومختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا موقع ملے گا۔