کراچی پورٹ پر ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کارگو جہاز کی آمد کے بعد میری ٹائم سیکٹر میں بڑی سرمایہ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، یورپی شپنگ کمپنی کی جانب سے کراچی پورٹ پر 2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں اتنا بڑا جہاز آنا میری ٹائم سیکٹر کے لیے خوش آئند ہے، کمپنی میری ٹائم لاجسٹک اور انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرے گی، اکتوبر تک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی امید ہے۔
انھوں نے کہا کہ کمپنی شپ بریکنگ کا بڑا پروجیکٹ بھی گڈانی لائے گی، کمپنی پاکستان میں 750 جہازوں کی ریسائیکلنگ کا ارادہ رکھتی ہے۔
قیصر شیخ کا کہنا تھا کہ کمپنی نے نوجوانوں کو جدید تربیت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کراچی پورٹ کا پوٹینشل بہت زیادہ ہے لیکن آمدنی صرف 2 ارب ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رواں سال چیئرمین کے پی ٹی کو آمدنی 10 ارب کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے، میری ٹائم ڈسٹرکٹ کا منصوبہ ایس آئی ایف سی میں جمع کرایا ہے۔