لاہور: سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی صدارت کے لیے ہونے والے انتخاب میں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے، جب کہ ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے، جس پر وہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔
نواز شریف کے لیے چاروں صوبوں سے 8 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، سندھ سے ن لیگ صدر بشیر میمن، کے پی سے ن لیگ کے صدر امیر مقام، بلوچستان سے سردار یعقوب ناصر، اسلام آباد سے عقیل انجم نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، نزہت صادق اور انوشے رحمان نے بھی نواز شریف کے کاغذات جمع کرائے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی کاغذات جمع کرائے گئے۔
دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں نواز شریف کے بلا مقابلہ پارٹی صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا جائے گا۔