کراچی: لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گاڑی میں دھماکا ہوا ہے،رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں دھماکے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق مبینہ طور یہ دہشت گردی کا واقعہ لگ رہا ہے، جس گاڑی میں دھماکہ ہوا ہے اس میں 2 لاشیں اور 2زخمی موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں کہ گاڑی میں کسے ٹارگٹ کیا گیا ہے، مبینہ طور پر یہ خودکش حملہ بھی ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ انسداد دہشتگرد (سی ٹی ڈی) نے قومی شاہراہ پر اہم کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں دہشتگردی کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا تھا کہ دھماکا خیز مواد کراچی لاتے 4 دہشتگرد پکڑے گئے، قومی شاہراہ پر روہڑی کے قریب مشکوک کار کو روک کر تلاشی لی گئی تھی۔
حکام کے مطابق کار سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جس کے فوراً بعد 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، چاروں ملزمان مختلف کیسز میں مطلوب ہیں جبکہ ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں پر 16 سے زائد مقدمات ہیں۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ دھماکا خیز مواد کراچی دہشتگردی کی نیت سے لے کر جا رہے تھے۔