لاہور: اٹلی کی حکومت کو قتل کیس میں مطلوب اشتہاری ملزمہ کو گوجرانوالہ ریجن پولیس نے کھاریاں سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اٹلی میں غیرت کے نام پر 18 سالہ ثمن عباس کو قتل کیا گیا تھا، مقتولہ کی ماں نازیہ شاہین کو گوجرانوالہ ریجن پولیس نے گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق خصوصی پولیس ٹیم نے اشتہاری نازیہ شاہین کو کھاریاں سے گرفتار کیا، اٹلی میں 2021 میں اپنے اہل خانہ کے ہاتھوں قتل ہوئی لڑکی کی ماں 3 سال سے مفرور تھی۔
پولیس نے کہا کہ اطالوی نژاد پاکستانی لڑکی 30 اپریل 2021 کو اٹلی کے شہر ریگیوایمیلیا سے لاپتا ہوئی تھی، اطالوی نژاد پاکستانی لڑکی ثمن عباس کی لاش نومبر 2022 میں ملی تھی، 51 سالہ نازیہ شاہین قتل کے بعد شوہر کے ساتھ اٹلی سے فرار ہوگئی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے تھے، اگست 2023 میں ملزمہ کے شوہر شبر عباس کو گرفتار کیلیے اٹلی کے حوالے کر دیا گیا تھا، گرفتار ملزمہ نازیہ شاہین کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔