لاہور: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مزار اقبال پر حاضری کے بعد گورنر ہاؤس پہنچ گئے، جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان کا استقبال کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایرانی صدرابراہیم رئیسی گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے الگ الگ ملاقات کرینگے جبکہ گورنر ہاؤس میں ایرانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔
اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے مزار اقبالؒ پہنچنے پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
معزز مہمان ایرانی صدرسیدابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزار اقبال پر دعا کرائی۔ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ایرانی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، صیہونی قوتوں کیخلاف پاکستان کا مؤقف قابل دید ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان گہرا تعلق ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا بھی مؤقف ہے فلسطینی جیت سے ہمکنار ہونگے، فلسطینیوں پر ظلم کرنیوالے اسرائیلی شکست سے دوچار ہوں گے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی جیسا احساس نہیں ہوا، پاک ایران رشتہ وقت کیساتھ مزید مضبوط ہوگا، میری خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتا۔