لکھنؤ میں بھارت کے انٹرنیشنل شوٹر نے بحث و مباحثے کے بعد کیب ڈرائیور پر پستول تان لی جبکہ اسے بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں ایک شخص کی جانب سے کیب ڈرائیور کو اپنے پستول کے بٹ سے مارنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ تاہم جب ملزم کو گرفتار کیا گیا تو پتا چلا کہ ونود مشرا نامی شخص بین الاقوامی سطح کا شوٹر ہے۔
مذکورہ واقعہ پیر کو لکھنؤ کے پوش علاقے وبھوتی کھنڈ میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ مشرا اور کیب ڈرائیور کی گاڑی کی معمولی ٹکر کے بعد جھگڑا ہوا تھا۔
مشرا اپنی کار سے ٹیکسی کے ٹکرانے کے فوراً بعد باہر نکلا اور اپنے لائسنس یافتہ پستول کے بٹ سے ڈرائیور پر حملہ کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
کیب ڈرائیور کی شکایت پر مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی جس کے بعد ونود مشرا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
مذکورہ ویڈیو کو یوپی کانگریس نے بھی شیئر کیا ہے اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے لیے ریاستی حکومت پر تنقید کی گئی ہے۔
یوپی کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ویڈیو لکھنؤ کی ہے، اس ریاست کی راجدھانی، جہاں آپ کی حکمرانی ہے، دیکھیں، جہاں آپ بے شرمی کے ساتھ امن و امان کی بات کرتے ہیں وہاں یاست کا کیا حال ہے۔
اس پوسٹ کے شیئر ہونے کے بعد لکھنؤ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے خلاف مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔