عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے قرض کی تیسری قسط 1.1 ارب ڈالر کے اجرا کی تاحال تاریخ نہیں دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو قرض کی تیسری قسط 1.1 ارب ڈالر کے اجرا کی تاحال تاریخ نہیں دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ شیڈول میں ایک بار پھر پاکستان شامل نہیں تاہم اسے ایگزیکٹو بورڈ 29 اپریل سے 3 مئی تک شیڈول میں شامل کر سکتا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کے اجرا میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے جب کہ نئے قرض پروگرام کیلیے آئی ایم ایف وفد آئندہ ماہ کے وسط میں پاکستان آئے گا۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ اورنگزیب خان گزشتہ دنوں واشنگٹن کے دورے پر گئے تھے جہاں انہوں نے آئی ایم ایف حکام سے قرض کی قسط سمیت نئے قرض پروگرام کے لیے مذاکرات کیے۔
وزیر خزانہ گزشتہ شب ہی پاکستان واپس پہنچے تھے اور آج انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں قوم کو خوشخبری سنائی تھی کہ آئی ایم ایف 1.1 ارب ڈالر قرض کی قسط رواں ماہ کے آخر تک جاری کر دے گا۔
’پاکستان چین سے 25 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈ لے گا‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے چین سے رواں سال 25 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈ لے گا۔