بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان پر حملہ کرنے کیلئے بچوں کو استعمال کرنے کے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار سلمان خان کو قتل کرنے کیلئے گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار گینگ نے بچوں کو بھرتی کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی پولیس نے گرفتار کیے گئے ملزمان سے تفتیش کے دوران گینگسٹرز کے متعدد منصوبوں کی معلومات حاصل کرلی ہے، مبینہ ویڈیو کالز میں لارنس بشنوئی اور گولڈی برار گینگ کی جانب سے سلمان خان پر حملے کیلئے بچوں کے استعمال کے شواہد ملے ہیں۔
واضح رہے کہ بالی وڈ سپر اسٹار کو متعدد مرتبہ قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں اور پچھلے ماہ ان کے گھر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جبکہ گزشتہ دنوں ان پر قاتلانہ حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے 5 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔