اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ میں فٹ ہوں اور ابھی بھی 4 سے 5 سال کھیل سکتا ہوں۔
پاکستان سپر لیگ 9 کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسلام آباد کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے سابق قومی کرکٹر عماد وسیم نے کہا ہے کہ وہ مزید چار سے پانچ سال تک کرکٹ کھیل سکتے ہیں اور ان کی فٹنس برقرار ہے۔
میچ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عماد نے کہا کہ ہمیں ایک اوور پہلے میچ ختم کرنا چاہیے تھا۔ حنین شاہ نے اعصاب قابو میں رکھ کر آخری گیند پر چوکا لگایا۔
خیال رہے کہ عماد وسیم کو پی ایس ایل میں بال اور بیٹ کے ساتھ بہترین پرفارمنس دینے پر ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈر بھی قرار دیا گیا جبکہ اسلام آباد کے کپتان شاداب خان کو پلیئرآف دی ٹورنامنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اسامہ میر نے ایونٹ میں 24 وکٹیں لے کر ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا اعزاز حاصل کیا جبکہ بابر اعظم نے ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ جیت لیا۔
بابراعظم نے 12 میچوں میں 469 رنز اسکور کیے تاہم وہ ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا فخر زمان کا ریکارڈ نہ توڑ سکے۔
کراچی کنگز کے عرفان خان نیازی ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر قرار پائے، ایمرجنگ پلیئرآف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی عرفان خان نیازی کے نام رہا۔
اعظم خان کو ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپرکا اعزاز ملا جبکہ اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ پشاورزلمی کے حصے میں آیا۔