راولپنڈی: ریلویز پولیس اور اسپیشل برانچ نے راولپنڈی اسٹیشن پرکارروائی کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے جعلی کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم شعیب قدیرپنجاب پولیس کی ٹی شرٹ پہن کر راولپنڈی اسٹیشن میں داخل ہوا تھا، جعلی پولیس اہلکار کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کو مشکوک حالت میں دیکھ کر اسپیشل برانچ کے سب انسپکٹر نے پوچھ گچھ کی تو ملزم نے خود کو پنجاب پولیس کا کانسٹیبل ظاہر کیا، کارڈ طلب کرنے پر پیش نہ کرسکا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کیخلاف راولپنڈی ریلویز پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور آرگنائزڈ کرائم یونٹ کینٹ اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کوریکوری کیلئے لے جایاجارہا تھا،اچانک ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم اعظم زخمی ہوا اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں ہی دم توڑ گیا، ہلاک ملزم اعظم اجرتی قاتل تھا، جس پر اقدام قتل کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔