سمندری طوفان ’ریمل‘ نے بنگلہ دیش اور بھارت میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان ’ریمل‘ کے سبب بھارتی مغربی بنگال میں 16 اور بنگلہ دیش کے علاقوں مونگلا اور بٹیا گھاٹا میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔
طوفان کے باعث 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تیز ہواؤں کے باعث درخت اکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبے بھی گر گئے۔
موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقے ڈوب گئے جبکہ ساحلی علاقوں سے 10 لاکھ افراد نے نقل مکانی کی ہے۔
علاوہ ازیں امریکی ریاست ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں ہوا کے بگولوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہوا کے طاقت ور بگولوں سے متاثرہ ریاستوں میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔
ہوا کے بگولوں کی وجہ سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ درخت گرگئے اور بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 50 ہزار لوگ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔