گوادر کسٹمز نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے 20 کروڑ سے زائد مالیت کی ممنوعہ اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق گوادر کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں 20 کروڑ مالیت کی ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
کسٹم حکام کے مطابق ایف سی کی مددسے حب کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئی اس دوران اسمگل سامان برآمد ہوا، حب میں بس سے اسمگل شدہ چھالیہ برآمد ہوا جس کی مالیت 3 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہے۔
حکام نے بتایا کہ ادو میں بسوں سے فریج کی گیس سے بھرے سلنڈر، ممنوعہ کیمیکل اور چھالیہ برآمد کرلیے گئے، 2 بسوں اور اسمگل شدہ سامان کی مالیت 30 کروڑ 96 لاکھ روپے ہے۔
ترجمان کے مطابق حب میں ایک اور کارروائی کے دوران اسمگل کپڑا، سگریٹس، پلاسٹک بیگ اور چھالیہ برآمد ہوا، 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا اسمگل شدہ سامان اور بس بھی ضبط کر لی گئی۔
حکام نے بتایا کہ حب میں چوتھی کارروائی کے دوران بس سے اسمگل کپڑا، شاپنگ بیگ، چھالیہ، بھارتی گٹکا اور سگریٹس برآمد ہوا، اسمگل شدہ سامان اور بس کی مجموعی مالیت 3 کروڑ 76 لاکھ روپے ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق ایک اور بس سے چھالیہ برآمد ہوا، جس ک مالیت 2 کروڑ 27 لاکھ سے زائد ہے، اس کے علاوہ حب میں کنٹینرز سے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ ضبط کیا گیا جس کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 96 لاکھ روپے ہے۔