fbpx
خبریں

چیئرمین کا عہدہ ختم، 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان/ ویب ڈیسک

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے نئی قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا ہے جس میں چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی سات اراکین پر مشتمل ہوگی اور ہر رکن کا عہدہ اور اختیارات برابر ہوں گے۔

محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی کے اراکین کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز محمد یوسف، عبدالرزاق، وہاب ریاض اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے جب کہ کپتان، ہیڈ کوچ بھی اس کے ممبر ہوں گے۔ ساتوں اراکین میں سے اکثریت پر فیصلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی، ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ قومی ٹیم کے کوچز پر کام جاری ہے، ایک کوچ سے بات چل رہی تھی، میڈیا نے ہائی لائٹ کیا تو وہ بھاگ گیا، کوچز کا پینل بن رہا ہے دو چار دن میں نام سامنے آ جائیں گے، اب جب نام فائنل ہو جائے گا تو آگاہ کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے ایک ایک رکن پر ورکنگ ہوئی ہے، چار اراکین یہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک ڈیٹا کا بندہ لیا ہے 2 کوآرڈینیٹرز ہوں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ حارث رؤف کا کنٹریکٹ بحال کردیا ہے، عماد وسیم سے ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات ہوئی ہے تاہم کسی قسم کے این او سی پر بات نہیں ہوئی۔ کھلاڑی فٹنس کیمپ کے لیے کاکول اکیڈمی جا رہے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم میں پیرا شوٹرز کی گنجائش کم سے کم ہو گی، اب یہ نہیں ہوگا کہ کسی کا فون آجائے کہ اس کو کھلا دو یہ نہیں چلے گا۔ ٹیم کو بہتر کرنے کیلیے سلیکشن کمیٹی یا میرے پاس کوئی چراغ نہیں تاہم ایسی چیزیں کرنے جا رہا ہوں جس سے 5 سال بعد بہتری آئے گی۔

Comments




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے