دوبارہ سے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے والے بابر اعظم کو ان کے والد نے محمد عامر اور عماد وسیم کے حوالے سے اہم مشورہ دیا ہے۔
بابر کے والد اعظم صدیقی نے حال ہی میں ریٹائرمنٹ واپس لینے والے محمد عامر اور عماد وسیم کے حوالے سے انھیں مشورہ دیا ہے کہ وہ ان دونوں کے لیے عزت و احترام کا مظاہرہ کریں۔
بابر اعظم کی دوبارہ سے بطور کپتان تقرری ہوچکی ہے اور عماد، عامر کے ٹیم میں واپس آنے کے بعد کپتان اور ان کی کیمسٹری کیسی ہوگی اس پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
اس سے قبل قومی ٹیلی ویژن پر ٹی ٹوئنٹی میں بابر کی کپتانی اور بیٹنگ پر محمد عامر اور عماد وسیم تنقید کر چکے ہیں۔
اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اعظم صدیقی نے حکام کے فیصلے کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور بابر پر بھی زور دیا کہ وہ ماضی کی شکایات کو بھلا دیں۔
اعظم صدیقی نے اپنے بیٹے کو اہم مشورہ دیا کہ وہ عامر اور عماد سے عزت کے ساتھ پیش آئیں اور ان کی سنیارٹی اور تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے نقطہ نظر کا احترام کریں۔ انھوں نے لکھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکام کی جانب سے دوبارہ عزت اور احترام دیا گیا ہے
انھوں نے مزید کہا کہ بازگشت سامنے آرہی ہے کہ ٹیم متحد نہیں ہوگی لیکن میں نے بابر سے کہا ہے کہ ماضی کو بھول جاؤ، عامر اور عماد آپ سے بڑے اور سینئر ہیں، ان سے عزت سے ملیں اور ان کی رائے کا احترام کریں۔
بابر کے دوبارہ منصب سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا امتحان نیوزی لینڈ کے خلاف 18 اپریل سے شروع ہونے والی آئندہ پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔