چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم برطانیہ پہنچ چکی ہے قومی کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کیخلاف اپنی منصوبہ بندی بتا دی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے برطانیہ روانگی سے قبل کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے اور جیت کے مومینٹم کو برقرار رکھیں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی اور جو بھی پلان ہے اس پر اب عملدرآمد ہو رہا ہے اور آنے والی سیریز میں بھی آپ کو مثبت کھیلتے نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے کارکردگی میں بہتری آئی اور پہلے میچ کے بعد ٹیم کی بیٹنگ میں کافی بہتری آئی ہے۔ انفرادی کارکردگی میں رضوان اور فخر نمایاں رہے جبکہ لوئر آرڈر میں افتخار اور اعظم خان کی بیٹنگ خوش آئند ہے۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بولنگ میں پہلے میچ کے بعد سینئر بولرز نے ذمے داری لی، عماد وسیم مشکل صورتحال میں بہت اچھی بولنگ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ چار میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز 22 مئی سے ہو رہا ہے۔ لیڈز میں پہلے میچ کے بعد دوسرا میچ 25 مئی کو برمنگھم، تیسرا 28 مئی کو کارڈف اور چوتھا میچ 30 مئی کو اوول میں کھیلا جائے گا جس کے بعد گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا معرکہ سر کرنے کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔