اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی 10 عرب ڈالر کی سرمایہ کاری میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بڑی کاوشیں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ آج ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس اچھے ماحول میں ہوا، وزیر اعظم شہباز شریف سے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات ہوئی، اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے تعاون کی یقین دہانی کروائی، اجلاس سے پیغام گیا کہ وفاق اور اکائیوں میں اتحاد ہے، وزرائے اعلیٰ نے فورم پر اعتماد کا اظہار کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ معیشت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو ہوئی کہ صوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا، ایس آئی ایف سی میں سرمایہ کاری سے متعلق ڈیسک بنیں گے، یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر الگ الگ ڈیسک بنے گا، امریکا اور یورپی یونین کے بھی ایس آئی ایف سی میں ڈیسک بنائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آنے والے دونوں میں ایس آئی ایف سی کے مثبت ثمرات نظر آئیں گے اور معیشت میں مزید بہتری دیکھنے کو ملے گی، ہمارا فوکس قرضوں پر نہیں بلکہ سرمایہ کاری اور تجارت پر ہوگا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ دوست ممالک نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے، سفارتی محاذ پر جو کامیابیاں مل رہی ہیں اس کی ثمرات جلد سامنے ہوں گے، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید کمی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ ہیں بات چیت رہنی چاہیے، میرے بھائی علی امین گنڈاپور نے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی، ان کے ساتھ خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوتی رہی، علی امین گنڈاپور اور ہم 6 گھنٹے اجلاس میں ایک ساتھ تھے، انہوں نے اپنے صوبے سے متعلق گفتگو کی۔