فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مظاہرہ کرنے پر امریکی یونیورسٹی میں طلبہ کے دو گروہوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔
امریکی جامعات میں طلبہ کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے جاری ہیں، تاہم یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں طلبہ کے دو گروپوں میں اس دوران تصادم ہوگیا۔ اسرائیل نواز طلبہ کے گروپ نے فلسطین کے حامی طلبہ گروپ پر حملہ کیا،
امریکی میڈیا نے بتایا کہ اسرائیل نواز طلبہ نے غزہ جنگ بندی کیلئے جاری مظاہرہ ختم کرانے کی کوشش کی۔ تصادم کے بعد یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں پولیس تعینات کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی جامعات میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی تحریک زور پکڑنے لگی ہے اور اب تک 40 جامعات میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں کے دوران سیکڑوں طلبہ کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
احتجاج کرنے والے طلبہ کو ایمرسن کالج بوسٹن، اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی سے گرفتار کیا گیا، پولیس کی جانب سے اٹلانٹا کی ایموری یونیورسٹی میں احتجاجی طلبہ پر ربڑ کی گولیوں، شیلنگ کا استعمال بھی کیا گیا۔
پولیس کریک ڈاؤن میں ایموری یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ کی سربراہ کو بھی حراست میں لیا گیا تھا، احتجاجی کیمپوں میں موجود طلبہ کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی کامطالبہ کیا جارہا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ طلبہ تحریک سے امریکا میں اسرائیل سے متعلق رائے میں واضح فرق اجاگر ہوگا، عمر رسیدہ افراد کے مقابلے میں امریکی نوجوان فلسطینیوں کے زیادہ حامی ہیں۔