شکر گڑھ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارت سے مقابلے میں ہیں، اگلے 24 سال میں 76 سال کی خامیاں دور کرنی ہیں۔
احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2018 میں کھیلا گیا کھیل سانحہ مشرقی پاکستان سے کم نہ تھا، سانحہ مشرقی پاکستان میں ملکی جغرافیہ توڑا اور سانحہ 2018 نے معاشی مستقبل تباہ کیا۔
(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ قوم سانحہ 2018 کی سازش کے کرداروں کا احتساب چاہتی ہے، وہ کردار بتائیں کہ انہوں نے سی پیک اور معاشی ترقی کے سفر کو کیوں روکا؟
انہوں نے کہا کہ کراچی اسٹاک مارکیٹ 75 ہزار پوائنٹ کی حد عبور کر چکی ہے، ایکسچینج کا رحجان بتا رہا ہے سرمایہ کار حکومت پر اعتماد کر رہے ہیں، اگلے 5 سال امن، اصلاحاتی ایجنڈا اور پالیسیوں کا تسلسل چاہیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں سیاسی لانگ مارچ کی جگہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز گندم کے کا شتکاروں کیلیے امدادی پیکج کا اعلان کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چند پی ٹی آئی عناصر کی کوشش ہے کہ وہ 2017 والا ناٹک رچائیں۔