مظفرآباد: شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری کا معاملہ سامنے آنے پر اہلیہ نے کہا ہے کہ اگر ریمانڈ لیا گیا ہے تو انھیں تھانے میں ہونا چاہیے تھا۔
گرفتار ہونے والے شاعر احمد فرہاد کی اہلیہ سیدہ عروج زینب کا کہنا تھا کہ صدر تھانے پہنچے تو بتایا گیا احمد فرہاد موجود نہیں ہیں، ریمانڈ کی صورت میں احمد کو تھانے میں ہی ہونا چاہیے تھا۔ پولیس ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہی۔
اہلیہ احمد فرہاد عروج زینب نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابھی تک میری پٹیشن خارج نہیں کی، اس کا مطلب ہے کہ احمد فرہاد حبس بےجا میں ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کردی ہے، پولیس نے بتایا ہے کہ وہ دفعہ اے پی سی 186 کے تحت گرفتار ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں احمد فرہاد کی بازیابی کیس سے متعلق سماعت ہوئی، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا احمد فرہاد گرفتار اور پولیس کسٹڈی میں ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ احمد فرہاد صبح 7 بجے گجر کوہالہ کے مقام سے آزاد کشمیر میں داخل ہو رہے تھے، دوران چیکنگ وہ شناختی کارڈ نہیں دکھا سکے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق شاعر کارسرکار میں مداخلت کے جرم میں گرفتار ہوئے، وہ ایک اور مقدمے میں مظفرآباد پولیس کو بھی مطلوب ہیں، اس لیے ان کو مظفرآباد پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔