ایمسٹرڈم: ڈچ ساحل پر 3 ہزار گاڑیوں سے لدے بحری جہاز میں آگ لگنے کے باعث کروڑں روپے کی گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز جرمنی سے مصر آنے والے کارگو شپ میں ڈچ جزیرے کے قریب آگ لگ گئی، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
عملے کے کئی افراد نے جہاز سے کود کر جانیں بچائیں، کارگو شپ میں تین ہزار گاڑیاں لدی ہوئی تھیں، رپورٹس کے مطابق پانامہ کے کارگو شپ میں 25 الیکٹرک گاڑیوں سمیت 2857 گاڑیاں لدی ہو ئی تھیں۔
کوسٹ گارڈ حکام نے کارگو شپ پر لگنے والی آگ کچھ دن تک بھڑکتے رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ریسکیو آپریشن کے دوران جہاز کے ڈوبنے کے خطرے کے پیش نظر زیادہ پانی ڈالنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ عملے کے 23 ارکان کو جہاز سے اتارنے کے لیے کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے اور یہ واضح نہیں ہوا کہ عملے کے رکن کی موت کیسے ہوئی۔