امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی 20ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان نے کینیڈا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے 22 ویں میچ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
قومی ٹیم نے کینیڈا کی جانب سے دیا جانے والا 107 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تاہم گرین شرٹس کی اس جیت پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے خصوصی پروگرام ’ہر لمحہ پُرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسپورٹس رپورٹر اور تجزیہ نگار شاہد ہاشمی نے کہا کہ اگر کینیڈا کی ٹیم مزید 20 رنز بنا لیتی تو پاکستان آج بھی ہار جاتا۔
قومی ٹیم کے بالر شاداب خان سے بالنگ کے بجائے بیٹنگ کروانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچ لیا ہے کہ شاداب سے بیٹنگ ہی کروانی ہے کیونکہ اس نے پہلے میچ میں 44 رنز بنا لیے تھے تو اب ہم اسے بطور بیٹسمین کی کھلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا جواز پیش نہیں کرسکے اور نہ ہی کیا جاسکتا ہے، شاداب خان پر کپتان کا اعتماد ہے اور اسے شروع سے ہی سپورٹ کررہا ہے۔
اگلے میچ میں کسی کھلاڑی کو ڈراپ کرنے کے حوالے سے شاہد ہاشمی نے کہا کہ کپتان بابر اعظم کبھی وننگ اسکواڈ چینج نہیں کرتا۔
واضح رہے کہ عالمی ایونٹ میں قومی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیلے جس میں اسے امریکا اور بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کینیڈا کے خلاف پہلی کامیابی حاصل کی۔
گرین شرٹس کا آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف ہے جس میں کامیابی کے ساتھ ساتھ اسے دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔