پی ایس ایل کا آغاز 11 اپریل سے، ایک نمائشی میچ پشاور میں بھی ہو گا: کرکٹ بورڈ/ اردو ورثہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا آغاز جمعہ 11 اپریل سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہو گا۔
پریس ریلیز کے مطابق آئندہ ایڈیشن میں ایک نمائشی میچ بھی ہوگا جو 8 اپریل کو پشاور میں کھیلا جائے گا تاہم اس بات کا اعلان ابھی نہیں ہوا کہ میچ کن دو ٹیموں کے مابین ہو گا۔
چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں لاہور کا قذافی سٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 13 مئی کو کوالیفائر 1 سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی کا نیشنل بینک سٹیڈیم اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم پانچ پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔
بیان کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ’پچھلی دہائی کے دوران ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ ٹورنامنٹ بن گیا ہے جس میں پاکستان کی کرکٹ کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
پشاور میں نمائشی میچ پر ان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پشاور میں ایک نمائشی میچ کی میزبانی کرنے پر خوشی ہے جو پشاور میں اعلیٰ درجے کی کرکٹ لانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔‘