امریکی بحریہ کے دو پائیلٹ بحیرہ احمر میں بظاہر ’فرینڈلی فائر‘ کا نشانہ بنے، تاہم دونوں پائلٹ زندہ ہیں اور ایک کو معمولی زخم آئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی فوج نے یمن کے حوثیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے، حالانکہ امریکی فوج کی سینٹرل کمان نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ اس وقت ان کا مشن کیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق کمانڈ نے آدھی رات کے فوراً بعد ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’سینٹ کوم فورسز نے جنوبی بحیرہ احمر، باب المندب اور خلیج عدن میں امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں اور تجارتی جہازوں پر حملوں جیسی حوثی کارروائیوں میں خلل ڈالنے کے لیے حملے کیے۔‘
مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی کمانڈ نے کہا ہے کہ اس نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی میزائلوں کے ذخیرے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی فوج نے اتوار کو سینٹرل کمانڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’گائیڈڈ میزائل کروزر یو ایس ایس گیٹسبرگ، جو یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین کیریئر اسٹرائیک گروپ کا حصہ ہے، نے غلطی سے ایف/اے 18 پر فائر کیا اور اسے نشانہ بنایا جو یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین سے اڑ رہا تھا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکی فوج کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں ایک جیٹ طیارے کو کیریئر سے ٹیک آف کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ ’آپریشن کے دوران سینٹ کوم فورسز نے بحیرہ احمر کے اوپر متعدد حوثی ڈرونز اور ایک اینٹی شپ کروز میزائل کو بھی مار گرایا۔‘
سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو دارالحکومت میں دھماکوں کے بعد بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، لیکن عرب نیوز فوری طور پر فوٹیج کی کی تصدیق نہیں کر سکا۔
کمانڈ نے کہا کہ آپریشن میں امریکی فضائی اور بحری اثاثوں کا استعمال کیا گیا جس میں ایف اے 18 شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’حملے امریکی اور علاقائی شراکت داروں اور بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے سینٹ کوم کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔‘
یمن کے بڑے حصوں پر اثر و رسوخ رکھنے والے حوثیوں نے 2014 میں دارالحکومت پر قبضہ کر لیا تھا اور وہ بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی پر ڈرون اور میزائل حملے کر رہے ہیں تاکہ اسرائیل پر بحری ناکہ بندی مسلط کی جا سکے۔
اس سے قبل سنیچر کو حوثیوں کا ایک میزائل تل ابیب پر گرا تھا جس میں 16 افراد زخمی ہوئے تھے۔