برصغیر کے نامور طبلہ نواز استاد ذاکر حسین 73 سالہ کی عمر میں اتوار کو امریکہ میں انتقال کر گئے۔
وہ دو ہفتوں سے دل اور پھیپھڑوں کی بیماری کے باعث سان فرانسسکو کے ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں زیر علاج تھے۔
اس سے قبل ان کے قریبی ذرائع نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا تھا کہ استاد ذاکر حسین کو دو ہفتے قبل سان فرانسسکو کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، کیونکہ انہیں دل اور پھیپھڑوں سے متعلق مسائل کا سامنا تھا۔
قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’ان کی حالت بہت نازک ہے اور ڈاکٹر زیادہ پرامید نہیں۔ ان کا پورا خاندان ان کے ساتھ رہنے کے لیے انڈیا سے امریکہ پہنچ چکا ہے۔‘
لیجنڈری موسیقار، جو مشہور طبلہ استاد اللّٰہ رکھا کے بیٹے تھے، کی بیماری کی وجہ سے کئی کنسرٹس منسوخ کر دیے گئے تھے۔
بہت سے لوگوں نے ان کی بیماری کی تصدیق کی تھی۔
گریمی ایوارڈ یافتہ بانسری نواز اور ذاکر حسین کے قریبی دوست راکیش چورسیا نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو بتایا کہ ’وہ علیل ہیں اور آئی سی یو میں داخل ہیں۔ ہم سب صورت حال سے بہت فکر مند ہیں۔‘
استاد ذاکر حسین کو ان کے غیر معمولی فن اور انڈین کلاسیکی موسیقی میں شاندار خدمات کے لیے دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سال انہوں نے تین گریمی ایوارڈز جیتے، جن میں بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ شامل تھا، جو انہوں نے پشتو کے لیے بیلا فلیک اور ایڈگر میئر کے ساتھ، راکیش چورسیا کی شراکت سے حاصل کیا۔
انہیں سات مرتبہ گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا، جن میں سے انہوں نے چار جیتے۔ اس سال ممبئی میں انہیں استاد غلام مصطفی خان ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے ذاکر حسین نے خود کو ایک ’طالب علم‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا: ’طالب علم ہونا اور سیکھنے کی لگن مجھے آگے بڑھاتی ہے۔ نوجوان موسیقاروں سے متاثر ہونے کے مواقع مجھے خود کو نیا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
’عمر میری توانائی اور جذبے پر اثر نہیں ڈالتی۔ میں نے اپنے والد کو 76 سال کی عمر میں بھی اپنی مہارت کو نکھارتے دیکھا۔
’یہ نہیں تھا کہ وہ موسیقی کے بارے میں بات نہ کرتے اور بس سٹیج پر جا کر پرفارم کر دیتے۔ وہ ہمیشہ اپنے فن کو بہتر بنانے میں لگے رہتے تھے۔ ان کی یہ لگن اور جنون میرے لیے ہمیشہ ایک تحریک رہا ہے۔‘
استاد ذاکر حسین طبلہ نواز ہونے کے علاوہ موسیقار، پرکیوشنسٹ، میوزک پروڈیوسر اور فلم اداکار بھی تھے۔