پاکستان نے پیر کو ترکی میں دو ہیلی کاپٹروں کے مابین فضا میں تصادم کے نتیجے میں چھ فوجی اہلکاروں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے جاری بیان میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’پاکستان اس غم کی گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ترک حکام نے بتایا کہ دونوں فوجی ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم کے بعد ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جبکہ دوسرا باحفاظت لینڈ کر گیا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق پانچ اہلکار موقعے پر جان سے گئے جبکہ چھٹا اہلکار ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا سکا۔ یہ حادثہ جنوب مغربی صوبے سپارٹا میں معمول کی تربیتی پروازوں کے دوران پیش آیا۔
خطے کے گورنر عبداللہ ایرن نے بتایا کہ مرنے والوں میں فوجی ہوا بازی سکول کے انچارج ایک بریگیڈیئر جنرل بھی شامل ہیں۔
یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں ہیلی کاپٹر ایک دوسرے سے کیسے ٹکرائے۔ ایرن نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
نجی خبر رساں ایجنسی ڈی ایچ اے کے مطابق یو ایچ-1 یوٹیلیٹی ہیلی کاپٹر ایک کھیت میں گر کر دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ دوسرا ہیلی کاپٹر تقریباً 400 میٹر کے فاصلے پر اترا۔