آپ کو مایونیز پسند ہے اور آپ اس کے بغیر نہیں رہ سکتے؟ تو آپ کو جاپان کے کنوینینس سٹورز میں آنے والی نئی خوراک میں دلچسپی ہو سکتی ہے یعنی ’پینے والا مایونیز۔‘
سورا نیوز 24 کے مطابق معروف کنوینینس سٹور چین لا سن (Lawson) نے ’نومو مایو‘ یعنی پینے کے قابل مایونیز متعارف کروایا ہے۔ یہ جدید اور خوبصورت کپ میں دستیاب ہے جس پر مایونیز کی بوتل کی دلچسپ تصویر بنی ہوئی ہے، جو جاپانی کنوینینس سٹور مشروبات کے عمومی انداز کی عکاسی کرتی ہے۔
اس کی قیمت 198 ین رکھی گئی ہے اور یہ 200 ملی لیٹر کی مقدار میں دستیاب ہے۔ لا سن کے مطابق: یہ ’مایونیز کے شوقین افراد کے لیے ایک ٹھنڈا مشروب ہے، جس کا وہ طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔‘
مایو جاپان میں سینڈوچ اور پیزا میں بہت زیادہ استعمال کی جاتی ہے، لیکن روایتی جاپانی کھانے جیسے سوشی اور اونیگیری (رائس بالز) میں بھی ان کا استعمال ہوتا ہے۔
اجزا کو غور سے پڑھنے والے مایونیز کے شوقین افراد کے لیے مسئلہ یہ ہے کہ لیبل واضح کرتا ہے کہ نومو میو ایک ’مایونیز جیسا مشروب‘ ہے لیکن یہ ’مایونیز نہیں ہے۔‘
فی الحال یہ ’آزمائشی فروخت کے مرحلے‘ میں ہے۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا نومو مایو واقعی جاپانی گاہکوں کو پسند آئے گا، جو مغربی اقسام کے مقابلے میں جاپانی مایونیز کے گاڑھے اور زیادہ بھرپور ذائقے کے عادی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سوشل میڈیا پر جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس کا ذائقہ بالکل مایونیز جیسا ہے۔ جاپانی ثقافت کے متعلق نیوز بلاگ ’گیگازین‘ کے جائزے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس میں ایسی غذائیں شامل ہیں جن کا ’بنیادی جزو دودھ‘ ہے۔ اسی طرح ’مایونیز کے ذائقے والا مصالحہ‘، اور ’پروسس شدہ مکمل انڈے۔‘
ایک گاہک نے ایکس پر لکھا کہ ’پینے والا مایو؟ یہ ناقابل یقین حد تک برا ہے! اس سے ہر قیمت پر بچیں! کسی بھی مایو کے شوقین شخص کو اس کا بالکل بھی مزہ نہیں آئے گا! انہوں نے ایسا کیوں کیا؟‘
ایک اور نے پوسٹ کیا: ’مجھے مایونیز سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن یہ بہت زیادہ ہو گیا ہے۔ ضرورت ہمیشہ ایجاد کی ماں نہیں ہوتی۔‘
ایک گاہک جس نے اسے آزمایا، نے ریڈٹ پر لکھا: ’میں نے ابھی اسے آزمایا اور یہ بہت خراب تھا، بالکل ویسا جیسا آپ توقع کرتے ہیں۔ مائع مایونیز، نمکین، مایونیز جیسا، شاید تھوڑا سا ڈلی سا؟ آخری والی بات پر یقین نہیں ہے، لیکن میں ایک گھونٹ سے زیادہ نہیں پی سکا۔‘
ایک اور شخص نے ریڈٹ پر پوسٹ کیا: ’جتنا میں جاپانی مایونیز کو پسند کرتا ہوں، اتنا ہی یہ سوچ کر مجھے متلی آ گئی۔‘
جاپان میں کنوینینس سٹورز، جنہیں کونبینی کے نام سے جانا جاتا ہے، اپنے آپ میں تقریباً ایک ادارہ ہیں، جو نہ صرف کھانے، مشروبات، روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی ایک وسیع رینج فروخت کرتے ہیں بلکہ ٹکٹوں اور دیگر خدمات کے لیے کثیر المقاصد ٹرمینلز کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔
یہ بہت عام بات ہے کہ جاپان کے کنوینینس سٹورز میں سیاح رامن اور اونیگری کی ترتیب سے رکھی ہوئی مصنوعات کے سامنے تصاویر کے لیے پوز دیتے ہیں اور بہت سے لوگ اس آئیکونک لاسن کونبینی کو جانتے ہیں جو ماؤنٹ فجی کے سامنے واقع ہے اور جسے انفلوئنسرز بہت پسند کرتے ہیں۔
پورے جاپان میں 56 ہزار سے زائد کونبینی کی دکانوں کے ساتھ، مختلف چینز گاہکوں کو اپنی جانب مائل کرنے کے لیے مسلسل مقابلہ کر رہی ہیں تاکہ وہ متنوع اور تخلیقی مصنوعات کی فہرست کو برقرار رکھ سکیں۔