چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے۔ انڈیا کے تحفظات دور کیے جا سکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے حوالے سے اچھے کی امید ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ’دنیا کی تمام ٹیمیں، جنہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کیا، وہ پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ کسی کو کوئی مسئلہ نہیں۔ ایسی کوئی وجہ نہیں کہ انڈین ٹیم پاکستان نہ آئے۔ اگر انڈیا کو کوئی تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔ ہم ان کے خدشات دور کریں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ آئی سی سی دنیا کے کرکٹ بورڈز کی تنظیم ہے، اسے اپنی ساکھ کے بارے میں سوچنا ہو گا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس کے جواب کا انتظار ہے۔ ہمارا صرف آئی سی سی کے ساتھ رابطہ ہے۔ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور رہیں گے۔ امید ہے آئی سی سی جلد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گی۔ ہمیں اپنا کام مکمل کرنا ہے، اس لیے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹور منسوخ نہیں ہوا، صرف ری شیڈول ہوا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہاب ریاض مسلسل کام کر رہے ہیں۔ کسی کو ہٹایا نہیں تھا اور محمد یوسف کو بھی کہیں جانے نہیں دے رہے۔ ’میں کرکٹرز کو اکٹھا کر رہا ہوں، جانے کیسے دوں گا۔ عبدالرزاق بھی میرے لیے بہت اہم ہیں۔‘
سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مقررہ وقت سے پہلے تعمیراتی کام مکمل کرلیا جائے گا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ سابق بین الاقوامی فاسٹ بولر عاقب جاوید کو پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس عہدے پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک خدمات انجام دیں گے۔
پی سی بی کے پریس ریلیز کے مطابق اپنی اس مدت کے دوران عاقب جاوید قومی سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہیں گے اور آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد انہیں اضافی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
دریں اثنا پی سی بی نے مستقل وائٹ بال ہیڈ کوچ کے تقرر کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا۔
وائٹ بال کوچنگ کی پوزیشن گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے حالیہ دورۂ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کی کوچنگ کی تھی اور وہ اب جنوبی افریقہ میں ہونے والی آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم کے ساتھ دوبارہ شامل ہوں گے۔
پاکستان مردوں کی ٹیم 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، اور اس کے بعد 10 سے 22 دسمبر تک جنوبی افریقہ میں اتنی ہی وائٹ بال میچز کی سیریز کھیلے گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل، پاکستان 8 سے 14 فروری تک نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا، جس میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔