پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ آسٹریلیا کے دوران ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے، جو اس وقت ایک ایک سے برابر ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس سیریز سے قبل وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو پاکستانی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
محمد رضوان جب سے پاکستانی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، وہ زیادہ تر اپنی کارکردگی کی وجہ سے خبروں کا حصہ رہتے ہیں، تاہم بعض مواقع پر ان کی کہی چند باتیں یا میدان میں کی گئیں کچھ حرکات و سکنات بھی ان کے خبروں میں رہنے کی وجہ بنی ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ جمعے کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پیش آیا، جب نسیم شاہ کی گیند پر آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا کے کیچ ہونے کی اپیل کی گئی۔
محمد رضوان نے نسیم شاہ سے پوچھنے کے بعد ایڈم زیمپا سے بھی پوچھ لیا کہ ’کیا آپ نے کچھ سنا ہے؟‘
Rizwan: Did you hear something?
Zampa: You are appealing for everything?
Rizwan: Should I take the review?
Zampa: Yes, you should
– Rizwan takes the review and DRS says Not-out.
RIZWAN ZAMPA pic.twitter.com/79RE2MaIPN
— Johns. (@CricCrazyJohns) November 8, 2024
ایڈم زیمپا جو تیز رفتار بولنگ کا سامنا کرتے تھوڑے گھبرائے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، نے تند لہجے میں جواب دیا کہ ’آپ لوگ ہر چیز پر اپیل کر رہے ہیں۔‘
جس پر رضوان نے پوچھا کہ ’کیا مجھے ریویو لینا چاہیے؟‘
ایڈم زیمپا نے اسی لہجے میں جواب دیا: ’جی، آپ کو ریویو لینا چاہیے۔‘
اس پر محمد رضوان نے ’اوکے‘ کہتے ہوئے ریویو لے لیا، جو ناٹ آؤٹ ثابت ہوا۔
محمد رضوان اور ایڈم زیمپا کا یہ مکالمہ سٹمپس پر لگے مائیک پر صاف سنائی دے رہا تھا۔
اس موقعے پر کمنٹری کرنے والے پینل کے ارکان نے بھی محمد رضوان کی اس گفتگو پر قہقہے لگائے۔
محمد رضوان کے آسٹریلوی بلے باز ایڈم زیمپا سے پوچھ کر ریویو لینے کا فیصلہ کرکٹ شائقین کے لیے ایک دلچسپ واقعہ بن گیا۔
بعض شائقین اسے محمد رضوان کی ’معصومیت‘ قرار دے رہے ہیں کہ وہ سادہ لوحی میں بلے باز سے ایمانداری کی امید لگائے بیٹھے تھے، جس نے ان کا ریویو ضائع کرنے کی کوشش کی۔
کرکٹ کی خبروں پر نظر رکھنے والے ڈینیئل الیگزینڈر نے لکھا: ’محمد رضوان کرکٹ کی دنیا میں وہ واحد فیلڈر ہیں، جو مخالف بلے باز سے پوچھ کر ریویو لیتے ہیں اور ایسا پہلی بار نہیں ہوا۔‘
آوسی آرمی کے ایکس اکاؤنٹ نے لکھا: ’رضوان کی اداکاری ختم نہیں ہوتی۔ وہ ایک بہت خصوصی قسم کے انسان ہیں۔‘
ہارون نامی صارف نے لکھا: ’محمد رضوان کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم بہت اچھی دکھائی دے رہی ہے۔ وہ پرجوش اور جارحانہ انداز میں کھیل رہے ہیں۔‘
یہ پہلا موقع نہیں جب محمد رضوان نے بلے باز سے ایج لگنے کا پوچھا ہو۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل وہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان میچ میں بھی بنگالی بلے باز تسکین احمد کے پیڈ پر گیند لگنے اور بولر کی اپیل کے بعد بیٹسمین سے پوچھتے دکھائی دیے تھے کہ ’ہاں، بیٹ لگا یا پیڈ لگا؟‘
جس پر بلے باز نے جواب دیا کہ بیٹ لگا، تاہم اس وقت کے کپتان نے ریویو نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
ان دونوں کی یہ گفتگو بھی سٹمپس مائیک کے ذریعے سنی گئی۔
محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف اس میچ میں چھ کیچ پکڑ کر عالمی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔
اگر ان سے ایک کیچ ڈراپ نہ ہوتا تو وہ ایک میچ میں سب سے زیادہ کیچ بننے والے کھلاڑی بن جاتے۔