ایئر فرانس-کے ایل ایم نے جمعرات کو تیسری سہ ماہی میں اپنے خالص منافع میں تیزی سے کمی نوٹ کی کیونکہ اولمپک کھیلوں کے دوران مسافروں نے پیرس سفر سے گریز کیا۔
فرانکو ڈچ گروپ نے 824 ملین یورو (887 ملین ڈالر) کا بعد از ٹیکس منافع ظاہر کیا، جو گذشتہ سال کے اسی تین ماہ کے عرصے کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے۔
ایئر فرانس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اولمپک کھیلوں کے نتیجے میں پیرس جانے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد کم ہونے اور فرانس سے کم سفر کی وجہ سے آمدنی کو 160 ملین یورو کا نقصان اٹھانا پڑا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایئر فرانس کے سی ای او بینجمن سمتھ نے کہا کہ تیسری سہ ماہی میں ایئر فرانس-کے ایل ایم گروپ کے لیے ملے جلے رجحانات سامنے آئے۔
بینجمن سمتھ نے کہا کہ ’آمدنی میں اضافہ جاری رہا، جس کی وجہ بڑھتی ہوئی صلاحیت اور مضبوط بنیادی طلب تھی۔ تاہم ، پیرس اولمپک کھیلوں کی وجہ سے آپریٹنگ آمدنی نمایاں طور پر متاثر ہوئی۔‘
گروپ نے یہ بھی اندازہ لگایا ہے کہ اگر فرانسیسی حکومت ایوی ایشن پر ایک منصوبہ بند نیا ٹیکس نافذ کرتی ہے تو اس کے ٹیکس بل میں 280 ملین یورو کا اضافہ ہوگا۔
ایئر فرانس پیرس 2024 اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز کا ایک آفیشل پارٹنر بھی تھا اور اس نے اس موقع پر اپنے جدید ترین طویل فاصلے کے طیارے کا نام ‘پیرس’ رکھا ہے، جو جدید دور کے 33 ویں اولمپیاڈ کا میزبان شہر ہے۔
فرانس کے مرکزی بینک نے تاہم اس سال اگست میں امید ظاہر کی تھی کہ ملک کی معیشت کو پیرس اولمپکس 2024 اور پیرالمپکس کھیلوں سے کافی فائدہ ملے گا۔
دوسری سہ ماہی میں 0.3 فیصد اضافے کے بعد بینک ڈی فرانس نے کہا ہے کہ اسے توقع ہے کہ جولائی سے ستمبر کی سہ ماہی میں فرانسیسی معیشت تقریباً 0.5 فیصد بڑھے گی۔
اولمپک کھیلوں کا باضابطہ آغاز جولائی کے آخری ہفتے میں ہوا اور پیرالمپک کھیل ستمبر میں ختم ہوئے۔