وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے حالیہ دورہ سعودی عرب اور قطر کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں سے ملکی معیشت پر بہتر اثر پڑے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ’وزیراعظم سعودی عرب اور قطر کے دورے سے واپس لوٹے ہیں۔۔ ہماری معیشت بحالی کی پٹڑی پر چڑھ چکی ہے اور حالات بہتر سے بہترین ہوتے جا رہے ہیں۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’سعودی عرب میں بڑی سودمند ملاقاتیں ہوئیں، آج سے چند ہفتے پہلے سعودی وزیر سرمایہ کاری یہاں آئے تھے اور 27 ایم او یوز پر دستخط ہوئے، جن کی مالیت 2.2 اب ڈالر تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورے میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا اور اسی کے تسسل میں دوبارہ میٹنگز ہوئیں۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ ’انویسٹمنٹ کانفرنس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس حوالے سے مزید جو معاہدے سائن ہوئے ہیں۔۔۔ وہ کافی حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور پانچ پر کام شروع ہوچکا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران ’اس عزم کا دوبارہ سے اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عطا تارڑ کے مطابق سعووی ولی عہد سے ملاقات میں وزیراعظم نے حجاج کرام کی مہمان نوازی پر بھی شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’جس طرح آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے انہوں نے پاکستان کی مدد کی، وزیراعظم خصوصی طور پر ان کے مشکور تھے۔‘
وزیر اطلاعات کے مطابق سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد وزیر تجارت اور باقی وزرا کے ساتھ وفود کی سطح پر جو ملاقاتیں ہوئیں، اس میں وہ سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر پر لے آئے اور 27 ایم او یوز 34 ہوگئے۔ ان اضافی چھ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے معیشت پر مزید بہتر اثر پڑے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور معاہدوں کی تعداد بھی سامنے آ رہی ہے۔‘
وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے دوحہ کے دورے کے دوران پاکستان قطر دوستی کے حوالے سے اہم پیش رفت یہ ہوئی کہ وہاں ایک نمائش ہوئی، جس مں پاکستانی فنکاروں کو مدعو کیا گیا، 1947 سے لے کر آج تک فن پارے وہاں لگائے گئے اور پاکستان کی عزت افزائی کی گئی، جس کے لیے وہ امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’قطر کا سابقہ وعدہ تھا کہ تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔۔۔(اس دورے کے دوران) اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، اس سے پاکستان کی معشت کو بہت تقویت ملے گی اور وقت کے ساتھ ساتھ عام آدمی تک بھی اس کے ثمرات پہنچیں گے۔‘
عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ قطر توانائی، کان کنی و معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ اس حوالے سے قطر کا وفد جلد ہی پاکستان آئے گا جس کے دورے میں تفصیلات طے کی جائیں گی۔