رافیل نڈال اگلے ماہ ڈیوس کپ فائنلز کے بعد اپنے شاندار لیکن انجری سے دوچار کیریئر کو الوداع کہہ دیں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اپنے 23 سالہ کیریئر کے دوران ریکارڈ 14 فرنچ اوپن ٹائٹل سمیت22 گرینڈ سلیم جیتنے والے نڈال نے جمعرات کو ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ نومبر میں ڈیوس کپ فائنلز کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا: ’کچھ سال میرے لیے مشکل رہے، خاص طور پر یہ آخری دو سال، لیکن میں بہت پرجوش ہوں کہ میں ڈیوس کپ میں آخری بار اپنے ملک کی نمائندگی کروں گا۔‘
نڈال نے اپنے شاندار کیریئر کے لیے اپنے خاندان اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا خاص طور پر اپنے انکل ٹونی کے لیے خصوصی الفاظ کے ساتھ، جو کورٹ میں زیادہ تر وقت ان کے کوچ تھے۔
انہوں نے لکھا: ’مجھے یقین ہے کہ ٹونی کی بدولت میں بہت سے ایسی مشکلات پر قابو پانے میں بھی کامیاب ہوا جو میرے کیریئر میں درپیش رہیں۔‘
اپنے مداحوں کے لیے نڈال نے کہا: ’میں آپ کا ان احساسات کے لیے شکریہ ادا نہیں کر سکتا جو آپ کی وجہ سے میں نے محسوس کیے۔ میں نے جو کچھ بھی کیا وہ ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’میں اپنی پوری کوشش کے بعد مکمل ذہنی سکون کے ساتھ جا رہا ہوں۔‘
نڈال کے لیے انجری کوئی نئی بات نہیں۔ وہ 2023 کے اوائل میں آسٹریلین اوپن میں کولہے کی تکلیف میں مبتلا رہے اور اس سال کے آخر میں سرجری سے قبل فرنچ اوپن سے محروم رہے۔
انہوں نے گذشتہ دو سیزن میں صرف 23 میچ کھیلے۔ نڈال رواں سیزن میں پیرس میں اپنے پسندیدہ کورٹ میں واپس آئے لیکن فرنچ اوپن کے ابتدائی راؤنڈ میں جرمنی کے الیگزینڈر زیویریف کے ہاتھوں شکست کھا گئے۔
نڈال اپنے عظیم سوئس حریف راجر فیڈرر کی ریٹائرمنٹ سے دو سال بعد اپنا ریکٹ ہمیشہ کے لیے رکھ دیں گے جب کہ نڈال کی ریٹائرمنٹ کے بعد ریکارڈ 24 بار گرینڈ سلیم کے فاتح سربیا کے نوواک جوکووچ ’بگ تھری‘ کے واحد کھلاڑی ہوں گے جو اب بھی کورٹ پر ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نڈال کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد فیڈرر نے سوشل میڈیا پر اپنے ہسپانوی حریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید تھی کہ وہ دن کبھی نہیں آئے گا جب ان کا دوست ریٹائرمنٹ کا اعلان کرے گا۔
انہوں نے مزید لکھا: ’کیا شاندار کیریئر ہے نڈال۔ ناقابل فراموش یادوں اور اس کھیل میں آپ کی تمام ناقابل یقین کامیابیوں کے لیے آپ کا شکریہ۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اپنے دو دہائیوں پر محیط کیریئر میں 38 سالہ نڈال انجری کے باعث 18 گرینڈ سلیم سے محروم رہے اور پانچ بار میجرز میں ٹورنامنٹ کے دوران دستبردار ہوئے۔
پچھلے کچھ سالوں سے انجری ان کے لیے بڑا مسٔلہ بنی رہی۔
2022 کے فرنچ اوپن کے فائنل میں اپنا آخری گرینڈ سلیم ٹائٹل جتنے کے بعد نڈال نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اپنے پاؤں میں درد ختم کرنے والے روزانہ انجیکشن کی ضرورت تھی اس کے بعد انہوں نے پاؤں کی سرجری بھی کرائی۔
اس کے بعد نڈال نے ومبلڈن کے سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کی لیکن نک کرگیوس سے متوقع مقابلہ اس وقت ختم ہو گیا جب نڈال پیٹ کے تناؤ سے ٹھیک نہ ہو سکے۔