امریکہ میں ٹیلی وژن کی دنیا کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے ایمی ایوارڈز 2024 میں جاپانی سیریز نے بہترین شو کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا جب کہ کامیڈی کیٹیگری میں ‘ہیکس’ نے حیران کن کامیابی حاصل کی۔
76ویں ایمی ایوارڈز کی یہ شاندار تقریب لاس اینجلس سے امریکی نیوز چینل ‘اے بی سی’ پر اتوار کی شب براہ راست نشر کی گئی۔
اس سال ایوارڈز کے لیے جاپانی سیریز ‘شوگن’ سب سے زیادہ 25 نامزدگیوں کے ساتھ سرِ فہرست تھی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بہترین ڈرامے کے ایوارڈ کے ساتھ ساتھ اس سیریز نے بہترین اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز بھی اپنے نام کیے اس طرح ہیرویوکی سنادا اور انا سوائی یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے جاپانی اداکار بن گئے۔ اس سیریز نے مجموعی طور پر 19 ایوارڈز حاصل کیے جو کسی بھی ایک ڈرامے کے ایک سیزن کا ریکارڈ ہے۔
‘شوگن’ کی کہانی معروف مصنف جیمز کلیول کے ناول سے اخذ کی گئی ہے جس کی کہانی ایک ملاح کے گرد گھومتی ہے۔ یہ سیریز امریکی نشریاتی ادارے ایف ایکس اور اس کے سٹریمنگ پلیٹ فارم ‘ہولو’ پر بھی نشر کی گئی تھی۔
نیٹ فلکس کی برطانوی سیریز ’بے بی رینڈیئر‘ کو بہترین لمیٹڈ سیریز قرار دیا گیا۔
شوگن کے جشن کے بعد رات کا سب سے بڑا سرپرائز ایچ بی او کی کامیڈی سیریز ’ہیکس‘ تھی جس نے بہترین کامیڈی کا ایوارڈ متوقع فاتح ’دی بیئر‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
جیریمی ایلن وائٹ اور ایبون ماس بچرچ نے کامیڈی اداکار اور معاون اداکار کے لیے مسلسل دوسری مرتبہ ایمیز جیتا۔
76ویں ایمی ایوارڈز میں اہم کیٹیگریز میں جیتنے والوں کی فہرست مندرج ذیل ہے:
آؤٹ سٹینڈنگ ڈراما سیریز: شوگن
آؤٹ سٹینڈنگ کامیڈی سیریز: ہیکس
آؤٹ سٹینڈنگ لمیٹڈ انتھالوجی سیریز: بے بی رینڈیئر
مرکزی اداکار، ڈرامہ: ہیرویوکی سنادا (شوگن)
مرکزی اداکارہ، ڈراما: انا سوائی (شوگن)
مرکزی اداکار، کامیڈی: جیریمی ایلن وائٹ (دی بیئر)
مرکزی اداکارہ، کامیڈی: جین سمارٹ (ہیکس)
مرکزی اداکار، لمیٹڈ سیریز/ فلم: رچرڈ گیڈ (بے بی رینڈیئر)
مرکزی اداکارہ لمیٹڈ سیریز /فلم: جوڈی فوسٹر (ٹرو ڈیٹیکٹیو: نائٹ کنٹری)
معاون اداکار، ڈراما: بلی کروڈپ (دی مارننگ شو)
معاون اداکارہ، ڈراما: الزبتھ ڈیبکی (کراؤن)
معاون اداکار، کامیڈی: ایبن ماس بچراچ (دی بیئر)
معاون اداکارہ، کامیڈی: لیزا کولون زیاس (دی بیئر)
معاون اداکار، لمیٹڈ سیریز /فلم: لامورنے مورس (فارگو)
معاون اداکارہ، لمیٹڈ سیریز /فلم: جیسیکا گننگ (بے بی رینڈیئر)