پولیس کے مطابق بلوچستان کے جنوبی ضلع پنجگور کے ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد نے پیر کی رات فائرنگ کی، جس سے وہ جان سے گئے، جبکہ تین دوسرے افراد زخمی ہوئے۔
بلوچستان میں سی ٹی ڈی پولیس نے کہا ہے کہ مستونگ میں گزشتہ شب دہشت گردی کی کارروائی کے بعد تخریب کاروں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔
منگل کو سی ٹی ڈی بلوچستان نے ایک بیان میں کہا گیا کہ مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی ایک مشترکہ کارروائی میں ’دو دہشت گرد مارے گئے۔‘
بیان کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری اور مزید فورس بھی طلب کر لی گئی ’دہشت گردوں کے قلع قمع اور بحالی امن کو یقینی بنایا جائے گا۔‘
مستونگ پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نصیب اللہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ڈپٹی کشمنر پنجگور ذاکر بلوچ کچھ لوگوں کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔
نصیب اللہ کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ ضلع مستونگ کے میتم کھڈ کوچہ کے علاقہ میں پیش آیا، جو ڈی ایریا یعنی لیویز کے زیر انتظام علاقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد نے ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔
فائرنگ سے ڈی سی مستونگ کی گاڑی میں سوار تین دوسرے افراد بھی زخمی ہوئے، جن میں میونسپل کمیٹی کے ضلعی چیئرمین جو کہ ایم پی اے رحمت بلوچ کے بھائی ہیں، بھی شامل تھے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
مستونگ پولیس سٹیشن کے اہلکار نصیب اللہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے جنوب میں واقع ضلع مستونگ میں اس سے قبل بھی شدت پسندی کی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں، جب کہ اس ضلع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ماضی میں کئی آپریشنز بھی کیے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو مستونگ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی۔
اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں مثالی سزا دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی ڈپٹی کمشنر پنجگور کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّآ إِلَيْهِ رَٰجِعُونَ.
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ کے واقعہ پر اظہار افسوس، دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کا حکم
افسوسناک واقعہ ہے، دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کی جائے، وزیر اعلٰی… pic.twitter.com/CK8UAKCuWc