پاکستان میں تنازعے کا شکار ہونے والے ڈرامے برزخ کو ’زی زندگی‘ کی جانب سے پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
برزخ سیریز میں مرکزی کردار فواد خان اور صنم سعید کے ہیں جس کے علاوہ سلمان شاہد، فائزہ گیلانی، عظمیٰ بیگ اور نگہت چوہدری اس ڈرامے کا حصہ ہیں۔
عاصم عباسی کے تحریر کردہ اس ڈرامے کی پانچ قسطیں یوٹیوب پر جاری ہو چکی ہیں جسے اب تک 70 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
یہ ڈرامہ ’زی زندگی‘ یوٹیوب چینل پر جاری ہوا، ’زی زندگی‘ انڈیا کے زی انٹرٹینمنٹ کا حصہ ہے جو پاکستانی اداکاروں پر مبنی کام کو دنیا میں ناظرین تک پہنچا رہا ہے۔
اس سیریز پر مسلسل تنقید کے بعد اب زی زندگی نے اسے پاکستانی ناظرین کے لیے پاکستان سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انسٹاگرام پر’زی زندگی‘ کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں لکھا کہ ’ہم دنیا بھر میں اپنے ناظرین کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ’پاکستان میں اس سیریز پر پاکستانیوں کے جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے ڈرامہ برزخ کو نو اگست 2024 سے یوٹیوب پاکستان سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ایک طرف تو اس سیریز کے نام ’برزخ‘ نے ہی لوگوں کی توجہ حاصل کی۔ برزخ دو چیزوں کے درمیان روک اور آڑ کو کہتے ہیں۔
اس سیریز کی کُل چھ قسطیں اور آخری قسط اس کی آج چھ اگست کو جاری کی جانی ہے۔
غیر انسانی مخلوق سے شادی کی کہانی نے اس سیریز کے لیے ناظرین میں مزید تجسس پیدا کیا مگر اس ڈرامے میں ہم جنس پرستی پر مبنی کہانی اور سین نے اس ڈرامے کو تنازع کا شکار بنا دیا۔
اس سیریز میں دو مردوں کی ایک دوسرے سے محبت اور محبت کے اظہار کے سین کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
کچھ فنکاروں کی جانب سے اس سیریز کی کہانی کا دفاع کیا گیا کہ یہ معاشرے میں ہونے والے معاملات کی عکاسی کر رہا ہے مگر ایک بڑی تعداد نے اس کے خلاف کھل کر تنقید کی۔