fbpx
خبریں

اسماعیل ہنیہ تہران میں ’صیہونی حملے‘ میں قتل، حماس کی تصدیق/ اردو ورثہ

فلسطینی گروپ حماس نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ان کے ایک محافظ سمیت قتل کر دیا گیا ہے جو ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وہاں موجود تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حماس نے اپنے بیان میں کہا: ’بھائی، رہنما، مجاہد اسماعیل ہنیہ، تحریک کے سربراہ، تہران میں اپنے ہیڈکوارٹر پر صیہونی حملے میں اس وقت قتل کر دیے گئے، جب وہ نئے (ایرانی) صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شریک تھے۔‘

نئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری منگل (30 جولائی) کو تہران میں منعقد ہوئی تھی، جس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے سربراہان اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ بھی اس تقریب میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔

اس سے قبل بدھ کی صبح ایرانی پاسداران انقلاب نے اسماعیل ہنیہ کی موت کی اطلاع دی تھی۔

ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق حماس کے سربراہ ہنیہ کے قتل کی تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے اور جلد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اسماعیل ہنیہ کی موت کی خبروں پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

تاہم سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے حماس کو تباہ کرنے اور یرغمال بنائے گئے تمام افراد کو واپس لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اس سے قبل اسرائیل نے منگل کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک حملے میں حزب اللہ کے فوجی کمانڈر فواد شکر کی موت کا دعویٰ کیا تھا۔

 ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بیروت میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی تھی۔

ناصر کنعانی نے منگل کی رات صیہونی حکومت کے حملے کو لبنان کی خودمختاری، سالمیت اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا: ’بیروت کے علاقے ضاحیہ میں صیہونی مجرم ٹولے کی شیطانی اور مجرمانہ کارروائی یقیناً لبنانی قوم کے غیرت مند فرزندوں اور قابل فخر مزاحمت کو فلسطینی مظلوموں کی حمایت کے قابل فخر راستے پر چلنے اور نسل پرست اسرائیل کے سامنے ڈٹ جانے سے نہيں روک سکتی۔‘




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے