fbpx
خبریں

امریکی کانگریس ویمن اور پاکستان کاکس کی شریک چیئر شیلا جیکسن چل بسیں/ اردو ورثہ

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کو اپنے پیغام میں امریکی کانگریس ویمن، قانون ساز اور ایوان نمائندگان میں پاکستان کاکس کی شریک چیئر شیلا جیکسن  لی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کینسر کے مرض میں مبتلا شیلا جیکسن لی کے اہل خانہ نے جمعے کو رات گئے ایکس پر ایک بیان میں ان کے انتقال کا اعلان کیا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق انتقال کے وقت ان کی عمر 74 برس تھی۔

ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی جیکسن لی افریقی نژاد امریکیوں اور خواتین کے حقوق کے بارے میں کھل کر بات کرتی تھیں۔ انہوں نے ایوان نمائندگان کی متعدد کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں، جن میں عدلیہ، ہوم لینڈ سکیورٹی اور بجٹ شامل ہیں۔

ستمبر 2022 میں اس وقت کے صدر مملکت عارف علوی نے انہیں پاکستان کے لیے شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلالِ پاکستان کا اعلیٰ سول ایوارڈ دیا تھا۔

شیلا جیکسن لی نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ انہیں لبلبے کا کینسر ہے اور ان کا علاج چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا: ’مستقبل کا وقت آسان نہیں ہوگا، لیکن مجھے یقین ہے کہ خدا مجھے مضبوط بنائے گا۔‘

ان کے اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’وہ عوام کی زبردست چیمپیئن تھیں اور 30 سال سے زائد عرصے تک ان کی روزمرہ زندگی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ان کے حلقے محبت اور سادگی سے ’کانگریس ویمن‘ کے نام سے جانتے تھے۔‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اپنے پورے کیریئر کے دوران وہ سماجی انصاف، معاشی عدم مساوات اور صحت عامہ کے خدشات کو دور کرنے کے مقصد سے قانون سازی کو فروغ دینے میں سرگرم رہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہیوسٹن کے کچھ حصوں کی نمائندگی کرنے والی شیلا جیکسن لی نے ایوان نمائندگان میں ایک قانون پیش کیا تھا، جس کے تحت سیاہ فام امریکیوں کی قانونی غلامی کے خاتمے کی یاد میں ’جون ٹینتھ‘ کو وفاقی تعطیل قرار دیا جائے گا۔

یہ تعطیل 1865 میں اس دن کی یاد ہے، جب ایک یونین جنرل نے ٹیکساس میں غلاموں کے ایک گروپ کو مطلع کیا تھا کہ انہیں دو سال قبل خانہ جنگی کے دوران صدر ابراہم لنکن کے آزادی کے اعلان کے ذریعے آزاد کر دیا گیا تھا۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا: ’ (میری اہلیہ) سیسیلیا اور میں کانگریس کی خاتون رکن شیلا جیکسن لی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وہ ٹیکساس کی ایک قابل فخر اور ہیوسٹن کے لوگوں کے لیے ایک انتھک وکیل تھیں۔ ان کی عوامی خدمت اور ٹیکساس کے لیے لگن کی میراث زندہ رہے گی۔‘




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے