امریکی ریاست پنسلوینیا میں ہفتے کو ایک ریلی میں سابق صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے مسلح شخص کی شناخت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے تھامس میتھیو کروکس کے نام سے کی ہے جن کی عمر 20 برس تھی اور وہ بیتھل پارک کے رہائشی تھے۔
امریکی حکام نے مشتبہ حملہ آور کے بارے میں کوئی اضافی معلومات جاری نہیں کی ہیں۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق پنسلوینیا کی عوامی عدالت کے ریکارڈ میں حملہ آور کی کوئی مجرمانہ تاریخ نہیں پائی گئی جبکہ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس حملے کے محرکات کا اندازہ بھی نہیں لگا پائے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ووٹر رجسٹریشن ریکارڈ میں تھامس میتھیو کروکس ایک رپبلکن کے طور پر درج ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فیڈرل کیمپین فنانس ریکارڈ کے مطابق تھامس میتھیو کروکس نے جنوری 2021 میں ڈونیشن پلیٹ فارم ’ایکٹ بلو‘ کے ذریعے 15 ڈالر کا چندہ بھی دیا تھا۔
اتوار کی صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تھامس میتھیو کروکس کے بیتھل پارک میں واقع گھر کو جانے والے راستوں کو بند کر دیا۔
مغربی پنسلوینیا کے ’دا ٹریبیون ریویو‘ کے مطابق کروکس نے 2022 میں بیتھل پارک ہائی سکول سے گریجویشن کیا، جہاں تقریباً 1400 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے نیشنل میتھ اینڈ سائنس انیشی ایٹو سے 500 ڈالرز کا ’سٹار ایوارڈ‘ بھی حاصل کیا۔
2022 کی گریجویشن تقریب کی ایک آن لائن ریکارڈنگ میں، تھامس میتھیو کروکس کو اس وقت سٹیج عبور کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جب ان کا نام پکارا جا رہا تھا۔
انہوں نے سیاہ گریجویشن گاؤن پہنا ہوا تھا اور اپنا ڈپلومہ وصول کرنے کے بعد سکول کے ایک عہدیدار کے ساتھ تصویر بھی بنوائی تھی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تھامس کروکس کے والد 53 سالہ میتھیو کروکس نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہوا ہے اور اپنے بیٹے کے بارے میں بات کرنے سے پہلے وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بات کرنے کا انتظار کریں گے۔
امریکی ٹی وی این بی سی کے مطابق بیتھل پارک گریٹر پِٹسبرگ کے جنوبی علاقوں میں بنیادی طور پر ایک سفید فام لوگوں کا شہر ہے، جو متمول طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ علاقہ ریلی کے مقام یعنی بٹلر، پٹسبرگ کے شمال میں تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے۔
اس علاقے سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ ڈین مالونی نے یو ایس اے ٹوڈے کو بتایا کہ ’کسی کا بھی ایسا کام کرنا پاگل پن ہے۔‘
روئٹرز فوری طور پر کروکس کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس یا دیگر آن لائن پوسٹوں کی نشاندہی نہیں کرسکا۔ فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے فوری طور پر اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا پلیٹ فارمز نے ملزم سے متعلق کسی اکاؤنٹ کو ہٹایا ہے یا نہیں۔
حملہ آور کے بارے میں چھ اہم نکات
- ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کرنے والے مشتبہ حملہ آور تھامس میتھیو کروکس کے بارے میں ایف بی آئی نے ’ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش میں ملوث سبجیکٹ‘ کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔
- ووٹر رجسٹریشن ریکارڈ کے مطابق وہ رجسٹرڈ رپبلکن تھے۔
- تھامس میتھیو کروکس پینسلوینیا میں بیتھل پارک کے علاقے کے رہائشی تھے جنہوں نے 2022 میں گریجویشن کیا تھا اور 500 ڈالر کا ’سٹار ایوارڈ‘ بھی حاصل کیا تھا۔
- فائرنگ کے وقت تھامس میتھیو کروکس اے آر15 نیم خودکار رائفل سے لیس تھے اور کئی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کروکس کو فائرنگ سے قبل دیکھ کر حکام کو آگاہ کیا تھا۔
- کروکس ڈونلڈ ٹرمپ کے سٹیج سے تقریباً 130 یارڈز دور ایک عمارت کی چھت پر موجود تھے، جہاں سے انہوں نے نشانہ باندھا تھا۔
- کروکس کو امریکی سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے حملے کے فوراً بعد قتل کر دیا تھا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات تا حال واضح نہیں ہیں۔