پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے ورلڈ سائیکلنگ سینٹر (ڈبلیو سی سی) کوریا میں شرکت کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں سائیکلنگ سے وابستہ دو پاکستانی خواتین جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول جائیں گی۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی سائیکلنگ کوچ ماہم طارق اور سائیکلسٹ انیسہ جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں ورلڈ سائیکلنگ سینٹر میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے چار جولائی 2024 کو لاہور سے روانہ ہوں گی۔
بیان کے مطابق کوچ ماہم UCI Level-II کے تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گی، جس سے ان کی کوچنگ کی مہارت میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ انیسہ بین الاقوامی تربیتی کورس میں اپنی سائیکلنگ کی مہارت کا مظاہرہ کریں گی۔
مزید کہا گیا کہ ماہم طارق نے جرمنی میں ہونے والے ورلڈ سپیشل اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے بچوں کو تربیت دی اور ان کی رہنمائی میں خصوصی بچوں نے چار گولڈ میڈل، چار سلور میڈل اور دو کانسی کے تمغے جیتے۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے ماہم طارق اور انیسہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کھیل میں ان کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کو مکمل مواقع فراہم کرنے کے لیے فیڈریشن کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا: ’ہمیں اپنی خواتین کھلاڑیوں اور کوچز کی مدد کرنے پر فخر ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ انہیں بہترین تربیت اور مسابقتی مواقع تک رسائی حاصل ہو۔‘
اظہر علی شاہ نے مزید کہا کہ ’ماہم اور انیسہ کی ڈبلیو سی سی میں شرکت ان کی ترقی اور کامیابی کے لیے ہماری لگن کا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے تمام اخراجات کورین سائیکلنگ فیڈریشن برداشت کرے گی۔
انہوں نے کورین سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر اور ڈبلیو سی سی کوریا کے ڈائریکٹر مسٹر ایڈورڈ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گذشتہ چند سالوں سے مسلسل پاکستان کے سائیکلسٹوں اور کوچز کے لیے تربیت کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
بقول اظہر علی: ’پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کو یقین ہے کہ یہ موقع ہمارے کھلاڑیوں کی مہارت اور تجربے میں مزید اضافہ کرے گا اور پاکستان میں سائیکلنگ کے مستقبل میں مثبت کردار ادا کرے گا۔‘