پاکستان کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت سات روپے اور ڈیزل کی قیمت میں نو روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے اتوار اور پیر کی شب جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں سات روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 265 روپے 61 پیسے ہو گئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 258 روپے 16 پیسے تھی۔
اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں نو روپے 56 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی فی لیٹر قیمت 267 روپے 89 پیسے سے بڑھ کر 277 روپے 45 پیسے ہو گئی ہے۔
محکمہ خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 30 اور یکم جولائی کی درمیانی رات 12 بجے سے ہو گا۔’
اس سے قبل 14 جون کو پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے اسے عوام کے لیے ’عید کا تحفہ‘ قرار دیا تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حکومت کی جانب سے 14 جون کو پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
پاکستان ایندھن کی قیمتیں پندرہ دن کی بنیاد پر مقرر کرتا ہے، بین الاقوامی توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور روپے اور ڈالر کے مقابلے میں برابری کو ایڈجسٹ کرتا ہے، جس سے حکومت کو اس کے اثرات صارفین پر منتقل کرنے کی اجازت ملتی ہے۔
یکم جون کو پیٹرول کی قیمت میں چار روپے 74 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں تین روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔