حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہفتے کو شمالی غزہ شہر کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42 فلسطینیوں کی اموات ہوئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسماعیل الثوابتہ نے بتایا کہ غزہ کی پٹی کے آٹھ تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے ایک الشاتی میں گھروں پر اسرائیلی حملے میں 24 افراد کی جان گئی۔
اس کے علاوہ التفاح کے نواح میں گھروں پر ہونے والے حملے میں مزید 18 فلسطینی جان سے گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوج وسطی غزہ میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لڑاکا اور اضافی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے نواحی علاقے زیتون میں اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے فائرنگ کی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق کہ سات اکتوبر سے اب تک غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کم از کم 37 ہزار 551 فلسطینیوں کی جان جا چکی ہے جب کہ 85 ہزار 911 زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 101 فلسطینی جان سے گئے اور 169 زخمی ہوئے ہیں۔
قبل ازیں جنوبی غزہ میں عالمی انجمن ہلال احمر نے نے جمعے کو کہا تھا کہ غزہ میں اس کے دفتر کے قریب ’بڑے میزائلوں‘ سے کیے گئے حملے میں 22 افراد کی جان گئی اور 45 زخمی ہوئے جنہیں ہلال احمر کے فیلڈ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹر فضل نعیم کا کہنا تھا کہ ’یہ غزہ شہر کے لیے مشکل اور خونی دن رہا۔ الاہلی عرب ہسپتال میں اب تک 30 کے قریب شہدا پہنچ چکے ہیں۔‘
شہری دفاع کے محکمے کے ترجمان محمود بسل نے بتایا کہ شہر کے ایک گیراج پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بلدیاتی ادارے کے پانچ ملازمین کی جان گئی۔