fbpx
خبریں

خیبر میں فورسز کی کارروائی، پانچ ’دہشت گرد‘ مارے گئے: آئی ایس پی آر/ اردو ورثہ

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں اتوار کو سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران پانچ ’دہشت گرد‘ مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’16 جون 2024 کو سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔‘

مزید کہا گیا کہ آپریشن کے دوران فوجی دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتہ لگایا، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گردوں کو مار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق: ’مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔‘

مزید کہا گیا: ’علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گذشتہ روز ہی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے عید الاضحیٰ کے موقعے پر حکومت پاکستان کے ساتھ تین روزہ سیز فائر کا اعلان کیا ہے۔

اپنے بیان میں تحریک طالبان پاکستان نے کہا کہ اس کے رہنما مفتی ابو منصور عاصم نے ’پاکستانی عوام کے مطالبے‘ پر 17 سے 19 جون کو جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں ان تین دنوں میں عید منائی جا رہی ہے۔

گروپ نے بیان میں مزید کہا کہ ٹی ٹی پی کے تمام شعبوں اور اراکین کو مذکورہ احکامات پر عمل کرنا چاہیے۔

بیان کے مطابق گروپ کے رہنما نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت ٹی ٹی پی کے زیر حراست تمام ’قیدیوں‘ کی سزاؤں میں دو ماہ کی کمی کی گئی ہے۔

پاکستان کے دو صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالیہ دنوں میں عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

گذشتہ ماہ کے آخر میں بھی خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں سات ’دہشت گرد‘ مارے گئے تھے جبکہ پانچ فوجی اہلکار جان سے چلے گئے تھے۔

اسی طرح پاکستانی فوج نے بتایا تھا کہ ضلع ٹانک میں بھی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 10 ’دہشت گرد‘ مارے گئے تھے، جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے