تربیت اور میڈیا کے شعبے میں دو کویتی ماہرین نے اعلان کیا ہے کہ بین الاقوامی ستاروں کی رجسٹریشن ویب سائٹ ’سٹار رجسٹریشن‘ نے ان کی درخواست پر آسمان پر ایک روشن ستارے کو ’فلسطین‘ کا نام دیا ہے۔
قدس پریس کی رپورٹ کے مطابق کویتی ڈاکٹر موسىٰ المزیدی اور ڈاکٹر زهير المزيدی نے بتایا: ’سٹار رجسٹریشن ویب سائٹ نے ناسا سمیت خلائی ایجنسیوں سے دستیاب معلومات کا استعمال کرتے ہوئے ان کی درخواست پر آسمان پر ایک روشن ستارے کا نام فلسطین رکھا ہے۔
ان کے بقول یہ ستارا کویت کے آسمان پر رات کو انسانی آنکھوں سے بھی نظر آتا ہے۔
دونوں ماہرین نے مزید کہا کہ انہیں 30 مئی 2024 کو ستارے کے نام اور آسمان میں اس کے محل وقوع کی ایک تصویر کی منظوری دینے والی ایک سرکاری دستاویز موصول ہوئی، جس میں انگریزی میں لکھا گیا ایک جملہ بھی شامل تھا کہ ’ریاست فلسطین ہمیشہ کے لیے موجود ہے۔‘
دونوں ماہرین نے کہا کہ ’سٹار رجسٹریشن ویب سائٹ پر ہمیشہ کے لیے فلسطین کا نام محفوظ ہو گیا ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کے نام پر ستارے کا نام رکھنا مسئلہ فلسطین کے بارے میں بیداری بڑھانے اور فلسطینی عوام کے ساتھ بین الاقوامی یک جہتی کو بڑھانے کے لیے ایک قدم ہے۔
انہوں نے قدس پریس کو بتایا کہ یہ قدم ’کویتی عوام کی فلسطین سے محبت اور فلسطینی مسٔلے کی حمایت میں ان کی دلچسپی کے اظہار کے لیے ایک اقدام ہے۔‘
دونوں ماہرین نے ان اقدامات کی وضاحت کی جن کے ذریعے کوئی بھی آسمان میں ’فلسطین ستارے‘ کے مقام کا پتہ چلا سکتا ہے۔
سٹار رجسٹریشن کی ویب سائٹ پر کلک کریں اور پھر پیچ کے اوپر بائیں جانب سرچ میں سٹار رجسٹریشن نمبر 5E5C2AE40 درج کریں۔
انہوں نے کہا کہ ستارہ اپنے نام کے ساتھ ساتھ وسیع کائنات میں اس کے مقام اور زمین سے 257.22 نوری سال کے فاصلے پر ظاہر ہوتا ہے۔