fbpx
خبریں

دودی پت جھیل، آنکھ سے اوجھل حسن/ اردو ورثہ

بابو سر ٹاپ برف کے پتھر ہو چکے وجود کی وجہ سے بند تھا اور ہم روز ایک تازہ امید کے ساتھ جھیل لولوسر تک آتے تھے اور واپس لوٹ جاتے تھے۔

بیسل پر بنے مون ریسٹورنٹ نے جی کھول کر باسی کھانے کھلائے کیونکہ سیاحوں کے پاس دوسرا کوئی راستہ ہی نہ تھا۔ تیسرے روز ہم نے ایک ایسی جھیل کو پھر دیکھنے کا فیصلہ کیا جسے دیکھے ہوئے عرصہ بیت گیا تھا۔

کہیں کہیں یادوں کے جھروکوں سے دودی پت جھیل جھانکتی تھی تو گرم موسموں میں بھی وجود کپکپاہٹ سے دو چار ہو جاتا تھا۔ راشد ڈوگر نے بلندی سے گھبرا کر بیسل میں پڑے رہنے کی بہت کوشش کی مگر ہم اسے ساتھ لے گئے۔

جیپ جل کھڈ سے ملی اور گاڑیاں وہیں پارک کر دی گئیں۔ شدید سردی سے بچاؤ کے سارے انتظامات مکمل کر لیے۔

کسی خوبصورت وادی سے گزرتے ہوئے ہم بہت ہی دل کش منظر اس لیے نظرانداز کر دیتے ہیں کہ وہ برلب سڑک نہیں ہوتا، اور دل فریب مناظر کبھی راہوں میں پڑے نہیں ملتے۔

اطراف میں پھیلے حسن سے غافل ہم بس آگے ہی آگے چلتے جاتے ہیں۔ راہ گزر سے ذرا سا ہٹ کر جو منظر سونے کی انگوٹھی میں نیلم کی طرح جڑا ہے، وہ دودی پت جھیل ہے۔

ناران سے بابو سر ٹاپ تک جانے والے، یا پھر گلگت بلتستان کے عشق میں مبتلا سیاح دودی پت جھیل کو اس لیے نظرانداز کر جاتے ہیں کہ وہ ابھی نیلام نہیں ہوئی۔ نیلام نہ ہونے والی جھیلوں کی تشہیر بھی نہیں کی جاتی، اس لیے وہ آنکھ سے اوجھل رہتی ہے۔

وادیِ کاغان کی یہی جھیل اپنی فطری حالت میں محفوظ ہے۔ سطح سمندر سے ساڑھے 12 ہزار فٹ بلند یہ جھیل برف کے پانی سے بنی شفاف جھیل ہے جس کا راستہ جل کھڈ سے اوپر اٹھتا ہے۔

چار سے چھ گھنٹے کی پیدل مسافت کے دوران راستے میں ندیاں، آبشاریں اور جھرنے سفر کو خوش گوار بناتے ہیں۔

ناران سے 40 کلومیٹر دور دریائے کنہار کے کنارے چھوٹی سی آبادی جل کھڈ ہے اور یہیں سے ایک رابطہ سڑک راہداری نوری ٹاپ سے گزر کر کشمیر میں دریائے نیلم کنارے آباد بستی شاردہ تک جاتی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جل کھڈ اور کشمیر کے درمیان یہی ایک پیدل راستہ ہے جو نوری ٹاپ سے ہو کر گزرتا ہے۔ اسی راستہ کے کنارے دودی پت کا نیلم وادی کی انگوٹھی کو دلفریب بناتا ہے۔ جل کھڈ سے پیدل اور کٹی داس سے فور بائی فور گاڑی پر دودی پت جھیل تک جایا جا سکتا ہے۔

راستے میں کیمپنگ کی سہولت ملاں کی بستی میں دستیاب ہے اور وادیِ کاغان کی شاندار ٹراؤٹ فش بھی یہیں سے ملتی ہے۔ منزل تک پہنچنے کے لیے چھوٹی بڑی ندیاں عبور کرنا پڑتی ہیں، طغیانی والی ندیاں ڈولی میں بیٹھ کر پار کی جاتی ہیں۔

جھیل دودی پت گول ہے، بیضوی ہے یا لمبوتری، اس کا فیصلہ ہر موسم میں مختلف ہوتا ہے۔ برف ہو جائے تو چاندی کا گولا لگتی ہے۔

برف ٹپکنے لگے تو جھرنا لگتی ہے۔ جون میں گول اور جولائی میں بیضوی ہو جاتی ہے۔ اگست کے آخر میں ایک بار پھر سکڑ کر برف کے گولے میں ڈھل جاتی ہے۔

کسی بھی جھیل کا حسن وہاں تک پہنچنے میں پنہاں ہوتا ہے اور یہ جھیل اپنے دلکش راستے کی وجہ سے پاکستان کی اے کلاس جھیلوں کی فہرست میں شامل ہے۔ دریائے کنہار سے دودی پت تک ندیاں، جھرنے، سبزہ اور پھول ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔

آپ اپنا سفر بیسل سے شروع کریں یا کٹی داس سے، یہ سفر رائیگاں نہیں جاتا۔ زیادہ تھکن ہو جائے تو خیمہ بستیاں بھی حوصلہ دیتی ہیں۔

احساس تحفظ اس لیے ہوتا ہے کہ یہاں کبھی کوئی واردات نہیں ہوئی۔ سیاحت سے روزی کشید کرتے لوگ واردات نہیں ہونے دیتے، کیونکہ اپنی ہی چھت میں بھلا کون شگاف ڈالتا ہے۔

وادیِ کاغان کی مشہور جھیل سیف الملوک اب غلاظت میں اول ہے تو اس کا کفارہ جھیل دودی پت کی فطری حیثیت میں موجود ہونا بھی ہو سکتا ہے۔ کمرشل زمانے میں دودی پت جھیل اپنی اصل شکل میں موجود ہے۔

 جھیل کنارے بیٹھ کر خودکلامی کا ذوق اس شاندار تخلیق کے خالق کی ثنا خوانی کی طرف لے جاتا ہے۔ اس ملاوٹ زدہ ماحول میں ایک ایسی جھیل جو سراسر قدرتی ہے۔

ناران سے بابوسر جانے والے اپنے اطراف میں کیسے کیسے مناظر نظرانداز کر جاتے ہیں، اگر وہ دودی پت کو دیکھ لیں تو انہیں پہلے کے سارے سفر رائیگاں لگیں۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے